28 دسمبر 2010 - 20:30

سندھ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز وزیر داخلہ سندھ، سیکرٹری داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی اور بلا جواز طور پر گرفتار کرکے لاپتہ کئے جانے والے شیعہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔

ابنا:  موصولہ رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شیعہ بے گناہ لاپتہ نوجوان پرویز زیدی کی والدہ نے اپنے جوان  بیٹے کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی گمشدگی کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی جس پر کاروائی کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا ہے کہ لاپتہ کئے گئے شیعہ بے گناہ نوجوانوں کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔سید پرویز زیدی کی والدہ نے پٹیشن میں واضح کیا ہے کہ پرویز زیدی اپنے ایک دوست اور اس کی بیوی کے ہمراہ ٹرین سے کینٹ اسٹیشن پہنچا جہاں پر اس کا دوست جہانگیر اسے لینے کے لئے پہنچا تو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر کسی جرم و خطا کے ان تینوں شیعہ نوجوانوں کو گرفتار کرتے ہوئے جہانگیر کی بیوی کو اس کی بہن کے گھر ناگن چورنگی پر پہنچا دیا تاہم بعد ازاں تینوں شیعہ نوجوان لاپتہ ہیں۔درخواست گزار پرویز زیدی کی والدہ نے یہ بھی واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جوان بیٹے بالکل بے گناہ ہیں اور کسی قسم کے جرم میں ملوث نہیں ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارون سے اپیل کرتی ہوں کہ بے گناہ شیعہ نوجوانوں کو رہا کیا جائے یا پھر اگر کوئی جرم ثابت ہے تو انہیں عدالت میں حاضر کیا جائے۔ایک اور پٹیشن میں درخواست گزار سید جعفر حسین نے اپنے بیٹے اور داماد کی غیر قانونی گرفتاری اور گمشدگی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20دسمبر کی شب کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے ان کے جوان بیٹے سید مہدی اور داماد ابرار کو گرفتار کر لیا جن کا تاحال کچھ پتہ نہیں ہے۔لاپتہ ہونے والے بے گناہ شیعہ نوجوانوں کے اہل خانہ کی طرف سے دائر کی گئی درخواستوں کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے بینچ نے جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کیس کی شنوائی کرتے ہوئے وزارت داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ، کو حکم نامہ جاری کیا ہے کہ گرفتار کئے گئے بے گناہ شیعہ نوجوانوں کو عدالت میں پیش کیا جائے یا انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ کیس کی اگلی سماعت جنوری10 کو ہوگی۔

.......

/110

یہ بھی ملاحظہ کیجئے گا:

- حکومت لاپتہ شیعہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کروائے